لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ سکول ایجوکیشن نے لاہور میں سموگ میں اضافے کے باعث جمعرات مورخہ 07 نومبر کو شہر کے تمام سکول بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
جمعرات کو شہر کے تمام سرکاری اور نجی سکول بند رہیں گے۔ تعلیمی ادارے سموگ اور ہوائی آلودگی کی شدت کی وجہ سے بند کیے جا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ بھارتی پنجاب میں دھان کی فصلوں کی باقیات کو آگ کے دھوئیں نے شہر لاہور کی فضا سموگ سے بھر دی ہے۔ پہلے سے ہی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل لاہور کا اوسطاً ایئر کوالٹی انڈیکس 455 تک پہنچ گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی سموگ میں اچانک اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے محکمہ ماحولیات، انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ترجمان محکمہ ماحولیات نے انڈیا کی جانب سے ماحولیاتی دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے۔ سموگ کمیٹی پنجاب کے کنوینر ڈائریکٹر ماحولیات نسیم الرحمٰن نے بھی سموگ کی بڑی ذمہ داری بھارت پر ڈالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پنجاب میں فصلوں کی باقیات کو آگ سے سب سے زیادہ لاہور متاثر ہوا ہے۔
دوسری جانب قدرے اچھی خبر یہ ہے کہ محکمہ موسمیات نے آج بارش کی پیش گوئی کر دی ہے۔ بارش کے بعد ہی بڑھتی ہوئے سموگ میں کچھ کمی ممکن ہے۔