لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز ضمانت پر رہا، مریم نواز کی ضمانتی دستاویزات مکمل ہونے کے بعد روبکار جاری کی گئی۔
جج امیر محمد خان کے رخصت ہونے کے باعث ضمانتی مچلکے جج امجد نذیر کی عدالت میں جمع کروائے گئے۔ ڈیوٹی جج نے حکم دیا کہ 7 کروڑ کی زر ضمانت اور پاسپورٹ سرنڈر کرانے کی دستاویزات بھی دکھائی جائیں۔ عدالت نے ضمانتی مچلکوں کی جانچ پڑتال کے بعد مریم نواز کی روبکار جاری کی۔
کیپٹن ریٹائر ڈصفدر، لیگی رہنما سیف الملوک کھوکھر اور ان کے بیٹے علی الصبح احتساب عدالت پہنچے۔ سیف الملوک کھوکھر اور ان کے بیٹے نے ایک ایک کروڑ کے ضمانتی مچلکے جمع کروائے۔
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور وکلاء روبکار لے کر کوٹ لکھپت جیل پہنچے، جیل عملہ نے سروسز ہسپتال میں جا کر رہائی کی روبکار پر مریم نواز کے دستخط کرائے جس کے بعد مریم نواز کو رہا کر دیا گیا۔ گزشتہ روز عدالتی وقت ختم ہونے کے باعث مریم نواز کے ضمانتی مچلکے داخل نہ ہوسکے تھے۔