لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کے حوالے سے معروف تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا ہے کہ نواز شریف کی راہ میں تمام رکاوٹیں ہٹ گئی ہیں، ایک دم سب کچھ ہو گیا ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام تھنک ٹینک میں میزبان عائشہ ناز سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز امیر نے کہا کہ بیماری کے ساتھ اور بہت سی چیزیں بھی جڑتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں، آج سے کچھ دن پہلے حکومت کی جو پوزیشن تھی وہ نہیں رہی، اس حکومت نے نا پختگی اور انڈر 19 ٹیم ہونے کی حد کر دی ہے۔ حکومت بہت کمزور ہو گئی ہے اور اسے کچھ سمجھ نہیں آرہا، اس صورتحال میں نواز شریف کی بیر ون ملک روانگی کو حالات سے الگ کر کے نہیں دیکھا جاسکتا۔
سیاسی تجزیہ کار، روزنامہ دنیا کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا کہ نواز شریف طویل عرصے کے لئے لندن نہیں جا رہے، نواز شریف علاج کے لئے جا رہے ہیں، ان پر ایسی کوئی پابندی نہیں کہ صحت یاب ہو کر پاکستان آئیں گے، زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے لیکن نواز شریف کی صحت تشویشناک ہے۔
ممتاز تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ دو تین واقعات اوپر نیچے اکٹھے ہوئے ہیں اور اب یہ بحث رہے گی کہ حکومت کمزور ہوئی ہے اور اس کی وجہ سے نواز شریف کو جانے کی اجازت ملی ہے یا کوئی ڈیل ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ سے حکومت پر بہت منفی اثر پڑا ہے اور حکومت ایک حد تک کمزور ہوئی ہے۔
تجزیہ کار اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیورو چیف خاور گھمن نے کہا کہ نواز شریف کی صحت بہت خراب ہے اس بارے میں دو رائے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پر تنقید ہو رہی ہے کہ وہ ان کو این آر او دے رہے ہیں، ان کے اپنے لوگ بھی یہ کہ رہے ہیں لیکن عمران خان کی حکومت میں خدا نخواستہ نواز شریف کو کچھ ہوا تو پھر بھی عمران خان تنقید کا نشانہ بنیں گے۔