لاہور: (روزنامہ دنیا) سابق وزیرا عظم نواز شریف علاج کیلئے بیرون ملک جانے کے لیے تیار نہ تھے ،شہبازشریف نے انہیں ر اضی کرنے میں کلیدی کرداراداکیا۔
شریف فیملی کے ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم کو قائل کرنے میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کلیدی کردار ادا کیا۔
دو روز قبل جب شریف میڈیکل سٹی کے ڈاکٹرز نے بھی بیماری پر تشویش کا اظہار کیا تو پھر شہباز شریف نے خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ طویل مشاورت کی۔
اس موقع پر بیگم شمیم اختر، مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر، نواز شریف کی ہمشیرہ، جنید صفدر سمیت دیگر افراد موجود تھے جنھوں نے مشترکہ طور پر سابق وزیراعظم کو بیرون ملک علاج کے لیے جانے پر مائل کیا۔
خصوصاً نواز شریف کی والدہ نے جب کہا کہ یہ میرا حکم ہے کہ آپ اپنے علاج کے لیے ضرور جائیں تو اس کے بعد نواز شریف نے بھی رضامندی ظاہر کردی۔