مقبوضہ وادی جیل میں تبدیل، مسلسل کرفیو سے مظلوموں پر زندگی تنگ

Last Updated On 12 November,2019 09:37 am

وادی: (دنیا نیوز) سو روز ہو گئے بھارت کی حیوانیت ختم نہ ہو سکی، مقبوضہ وادی میں کرفیو اور لاک ڈاؤن مسلسل جاری ہے، شہادتیں اور گرفتاریاں رک نہ سکیں۔

بھارت نے ہمالیہ کے دامن میں موجود دنیا کی سب سے خوبصورت وادی کو جہنم بنا رکھا ہے، سو روز سے ایک کروڑ سے زائد افراد دنیا کی سب سے بڑی جیل میں قید ہیں، دکانیں، کاروباری مراکز، موبائل سروس انٹرینٹ، پبلک ٹرانسپورٹ اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔

مقبوضہ وادی میں شہادتیں اور گرفتاریاں رک نہ سکیں، بھارت کے مظالم اور پابندیوں کے سامنے کشمیری سیسہ پلائی دیوار بنے کھڑے ہیں، کشمیری نوجوانوں نے متعدد بار روکاٹیں توڑ کر بھارت کے خلاف مظاہرے کیے۔

بزرگ حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ سارے امن معاہدے بشمول لاہور، تاشقند اور شملہ معاہدہ ختم کر دے۔

کرفیو کے سو روز پورے ہونے پر الجزیرہ نے خصوصی تصویری رپورٹ جاری کی ہے جس میں مقبوضہ وادی کی کرب سے بھری زندگی کی عکاسی کی گئی ہے، کہیں زخمی ہیں اور کہیں گرفتار افراد کے لواحقین اپنے پیاروں کے انتظار میں ہیں، کہیں پر امن مظاہرین پر بھارتی فوج ظلم ڈھا رہی ہے، باغات اجڑ گئے ہیں کاروبار ٹھپ ہو گئے ہیں۔