لاڑکانہ: آوارہ کتوں نے 6 سالہ حسنین کو زخمی کر ڈالا، تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل

Last Updated On 15 November,2019 02:11 pm

کراچی: (دنیا نیوز) لاڑکانہ میں آوارہ کتوں نے 6 سالہ حسنین کو بری طرح زخمی کر ڈالا جسے طبی امداد کے لیے لاڑکانہ سے کراچی منتقل کر دیا گیا۔

سندھ میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں مسلسل اضافے کے بعد بھی سائیں حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ لاڑکانہ کے 6 سالہ حسنین کے والدین علاج کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں، لاڑکانہ سے کراچی کے نجی ہسپتال پھر سول ہسپتال اور آخر میں این آئی سی ایچ ہسپتال میں داخل کرلیا گیا۔

حسنین کے والد غلام حسین کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں کسی حکمران نے ساتھ نہیں دیا، بچے کو اپنی مدد آپ کے تحت لیکر آئے ہیں، ہسپتال والے خون کی تھیلیاں مانگ رہے ہیں کہاں سے دیں، حکومت بچے کے علاج کے لیے مدد فراہم کرے۔

پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر بھی این آئی سی ایچ ہسپتال پہنچے اور حسنین کی عیادت کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ حسنین کو ہر ممکن امداد فراہم کرے، کتوں کے خاتمے کے لیے اسمبلی میں آواز اٹھاؤں گا۔

ڈاکٹرز کے مطابق حسنین کی حالت تشویش ناک ہے، ڈاکٹرز کی ٹیم تشکیل دے دی جائے گی اس کے بعد علاج کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔