لندن: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ سفر کے دوران نواز شریف کو طبی امداد دی گئی، دعا ہے مکمل صحت یاب ہو کر وطن واپس لوٹیں، دعاؤں پر پوری قوم کے شکرگزار ہیں۔
لندن پہنچنے پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا قوم کی دعاؤں کے باعث نواز شریف لندن پہنچے ہیں، آج ڈاکٹر کے ساتھ پہلی اپوائنٹمنٹ ہے۔
حسین نواز کا کہنا تھا سیاسی بات نہیں کریں گے، پہلی ترجیح نواز شریف کا علاج ہے، اللہ ان کو صحت دے، اس بات کی تحقیق ہونی چاہیے کہ والد کے پلیٹ لیٹس کی کمی کی وجہ زہر خورانی تو نہیں، اس وقت سب سے اہم چیز نواز شریف کی صحت یابی ہے۔
یاد رہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی سزا 8 ہفتوں کیلئے معطل کی تھی۔ حکومت نے نواز شریف کو 4 ہفتوں کیلئے ایک بار بیرون ملک جانے کی مشروط اجازت دی جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے حکومتی شرائط معطل کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کو 4 ہفتوں کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی۔