لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے مشاورتی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی، پارٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی واپسی سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صحت کو دیکھتے ہوئے ہو گی۔
دنیا نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کو اجتماعی قیادت کے تحت چلایا جائے گا جبکہ پارلیمانی ایڈوائزری گروپ پارٹی کے پارلیمانی اور تنظیمی امور دیکھے گا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئرز رہنما راجہ ظفر الحق، رانا تنویر، سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال، ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب اور سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق شامل ہیں۔
سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صحت مستحکم ہونے پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف واپس آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق پارلیمانی ایڈوائزری گروپ فیصلے کرنے کا مجاز ہوگا، پارٹی قیادت کو آئندہ سال انتخابی ماحول بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔