لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شريف نے جاتی امرا میں اپنے بڑے بھائی نواز شریف اور فیملی افراد سے ملاقات کرکے انھیں بیرون ملک روانگی سے متعلق لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے باہر جانے کے معاملے پر شریف فیملی کے کیساتھ مشاورت کی اور انھیں بتایا کہ اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل ہیں۔ انہوں نے فیملی افراد کو انتظامات سے آگاہ کیا۔
شہباز شریف نے تیمارداری کے دوران میاں نواز شریف سے کہا کہ آپ کا علاج میری ذمہ داری ہے۔ اللہ کی مہربانی سے ہمیں عدالتی فیصلے کے نتیجے میں ریلیف ملا۔ اس موقع پر ان کی مریم نواز اور ڈاکٹرز سے بھی ملاقات ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: عدالتی حکم کے بعد نوازشریف کی لندن اڑان بھرنے کی تیاری، علاج کے انتظامات مکمل
ادھر عدالتی حکم کے بعد نواز شریف کی اڑان بھرنے کی تیاری مکمل ہے۔ منگل کو لندن روانگی کا پروگرام بن چکا ہے۔ لندن ہارلے سٹریٹ کلینک میں ڈاکٹروں سے وقت لے لیا گیا ہے۔
نواز شریف کو لندن لے جانے کیلئے قطر سے ایئر ایمبولنس آئے گی۔ سابق وزیراعظم کو سفر کے قابل بنانے کیلئے ادویات میں ردوبدل کیا گیا ہے۔ پلیٹ لیٹس کے چار بیگ رکھے جائیں گے، پرواز کا دورانیہ تقریبا چھ گھنٹے ہوگا۔
ادویات کے بعد طبیعت بہتر ہوتے ہی نواز شریف لندن روانہ ہو جائیں گے۔ ایئر ایمبولینس میں طبی سہولتوں کے ساتھ میڈیکل ٹیم بھی ہوگی۔ سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے ٹویٹر پیغام کے ذریعے شیڈول بتایا ہے۔