اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ ایسا فیصلہ نہیں دیکھا جہاں سزا یافتہ مجرم کو ایسے باہر بھیجا جا سکے۔ حکومت اور کابینہ کو سپریم کورٹ میں فیصلے کو چیلنج کرنا چاہئے۔
میاں نواز شریف کے عدالتی فیصلے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے متعلق عدالتی فیصلہ آ چکا ہے، 17 سالہ پریکٹس میں ایسے فیصلے کی نظیر نہیں دیکھی، ایسا فیصلہ نہیں دیکھا جہاں سزا یافتہ مجرم کو ایسے باہر بھیجا جا سکے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں نواز خاندان کی مثالیں موجود ہیں، سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کے ریڈ وارنٹ جاری ہو چکے مگر واپس نہیں آئے، ڈار ابھی بھی ملک کے سینیٹر ہیں اور تاحال حلف نہیں اٹھایا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور انکے بچوں کی جائیدادیں پاکستان میں نہیں، انہیں وطن واپس لانے کے لئے انفورس کیسے کر سکیں گے؟، عدالت کے فیصلے پر تبصرہ مناسب نہیں قانون پر عمل درآمد کرنا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ دیکھنا ہو گا اب مزید کتنے قیدی فائدہ اٹھا سکتے ہیں، حکومت اور کابینہ کو سپریم کورٹ میں فیصلے کو چیلنج کرنا چاہئے، فیصلہ برقرار رہا تو نظام انصاف کو دھچکا پہنچے گا، ہمیں سپریم کورٹ سے حتمی رائے لینی چاہئے۔