لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت سنبھل نہ سکی، ذرائع کے مطابق ڈاکٹر طاہر شمسی نے نواز شریف کو لندن کے بجائے امریکہ میں علاج کی تجویز دی ہے، آج سابق وزیراعظم کا دوبارہ طبی معائنہ کریں گے۔
شریف فیملی ذرائع کے مطابق نواز شریف فیملی کی لندن کے ہارلے سٹریٹ کلینک کے بعد امریکی ہسپتال میں علاج کے لئے مشاورت جاری ہے، قانونی پیچیدگیوں کے باعث نواز شریف کچھ روز لندن کے ہسپتال میں زیر علاج رہیں گے، مکمل علاج کے لیے لندن سے امریکہ منتقل کیا جائے گا۔ شریف فیملی نے سابق وزیراعظم کے بیٹے حسین نواز کو انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر طاہر شمسی آج سابق وزیراعظم کا دوبارہ طبی معائنہ کریں گے، نواز شریف کو سفر کے قابل بنانے والی ادویات کے استعمال کے منفی اثرات کم نہ ہوسکے، جسم پر خون کے دھبے اور سوجن کم نہ ہوئی۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کے جسم پر سوجن اور سائیڈ ایفیکٹس میں اضافہ ہوا ہے، موجودہ منفی طبی اثرات جان لیوا ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوری تشخیص ہوئے بغیر علاج میں تاخیر سے نواز شریف کی صحت کو خطرات بڑھ رہے ہیں۔