کراچی: (دنیا نیوز) ملزم یوسف ٹھیلے والے کے متنازعے ویڈیو بیان پر ایس ایچ او سولجر بازار جاوید سکندر کو معطل کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق انچارج اینٹی سٹریٹ کرائم سیل عمران گجر کو بھی معطل کر دیا گیا، ملزم کی گرفتاری سولجر بازار پولیس اور اینٹی سٹریٹ کرائم سیل نے ظاہر کی تھی۔
ادھر وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے گرفتار دہشتگرد یوسف ٹھیلے والے کے الزامات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا جس نے سٹوری بنائی ہے اس معاملے کی تہہ تک پہنچ چکے ہیں، دو دن میں رپورٹ آجائے گی۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا ایک دہشتگرد سے کہلوایا گیا انہوں نے اس سے ملاقات کی، کبھی اس سے نہیں ملا، لگتا ہے متعلقہ ایس ایس پی ان کے خلاف سازش میں ملوث ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا معلوم ہوا جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑی گورنر ہاؤس کے زیر استعمال تھی، جب وزیراعلیٰ بنا تو تمام گاڑیوں سے وزیراعلیٰ کا مونو گرام ہٹوایا، میرے زیر استعمال گاڑی پر بھی رجسٹریشن نمبر لگا ہوا ہے، گاڑیوں کی رجسٹریشن کی ہدایات دی۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا اچھے افسروں کی کمی نہیں، کام سے گھبراتے ہیں، افسران کو عوامی اعتماد حاصل کرنے کیلئے سخت محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کابینہ میں ردوبدل کرنا میری صوابدید ہے، جب بھی ضرورت پڑی کروں گا۔
دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم یوسف کے بیان کے بعد ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر کو تحقیقات سے قبل عہدے سے ہٹانے پرغور کیا جا رہا ہے۔