کراچی: (دنیا نیوز) دنیا نیوز کراچی کی غریب فیملی کی آواز بن گیا، پروگرام 'سوال عوام کا' میں خبر چلنے پر صدر عارف علوی نے نوٹس لے لیا، محنت کش کی کینسر میں مبتلا اہلیہ کے علاج اور مالی امداد کی ہدایت کر دی۔
پروگرام سوال عوام کا میں عزیز آباد کے پریشان حال خاندان کے حوالے سے رپورٹ چلنے پر صدر مملکت عارف علوی نے نوٹس لیتے ہوئے بے گھر محنت کش محمد انوار کی کینسر میں مبتلا اہلیہ کے علاج کا بیڑا اٹھانے کا اعلان کر دیا۔
صدر عارف علوی کی ہدایت پر ایوان صدر کے حکام نے متاثرہ خاندان سے رابطہ کرلیا۔ صدر مملکت کے پرسنل سیکرٹری خضر علی کا کہنا ہے کہ متاثرہ فیملی کی مالی امداد بھی کی جائے گی۔
محنت کش محمد انوار اپنی بیمار اہلیہ کے علاج اور امداد کے اعلان پر صدر مملکت عارف علوی کے ڈھیروں مشکور نظر آئے، داد رسی پر غریب فیملی نے دنیا نیوز کا بھی شکریہ ادا کیا۔