کراچی: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت میں اس وقت غیر ذمہ دار حکومت ہے۔ عمران خان نے جنرل اسمبلی میں دنیا کو بتایا کہ غیر ذمہ دار حکومت کچھ بھی کر سکتی ہے۔
صدر مملکت عارف علوی کا نیشنل سٹیڈیم کراچی آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملائیشیا اور ترکی کے ساتھ انگلش چینل ضروری ہے۔ پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ کشمیر میں کرفیو کے بعد خون خرابے کا خدشہ ہے۔ بھارت میں اس وقت غیرذمہ دارحکومت ہے۔ بھارت کی فاشسٹ حکومت کا انگوٹھا نیوکلیئر بم پر بھی ہے۔ وزیراعظم نے جنرل اسمبلی میں دنیا کو بتا دیا ہے کہ مودی حکومت کچھ بھی کر سکتی ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی تقریر سے پاکستانی مطمئن ہیں، اپوزیشن نے تو تنقید کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 149 کوئی ایسی بات نہیں ہے۔ کراچی اور سندھ کے حالات بہتر کرنے کے لیے وفاق اور صوبے کا اشتراک ضروری ہے۔