عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات

Last Updated On 10 November,2019 06:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر عارف علوی کہتے ہیں آپؐ کائنات کی وہ عظیم شخصیت ہیں جن کی نظیر ازل سے ابد تک ممکن نہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے پیغام میں کہا کہ محسن انسانیت حضرت محمد ﷺ کےیوم ولادت پر امت مسلمہ کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

جشن عید میلاالنبی ﷺ پر صدر اور وزیراعظم کے پیغامات، صدر عارف علوی نے قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپؐ کائنات کی وہ عظیم شخصیت ہیں جس کی نظیر ازل سے ابد تک ممکن نہیں، سرورِ کائنات حضرت محمدﷺ کی حیثیت اس کائنات میں اس بے مثال آفتاب کی ہے جو غارِ حرا سے طلوع ہوا اور ساری کائنات پر چھا گیا۔

انہوں نے کہاآپ ﷺ نے دشمنی کو محبت میں اور بیگانگی کو یگانگت میں تبدیل کرنے کی تعلیم دی۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ مسلم ممالک چودہ سو سال بعد بھی اس سے رہنمائی لینے سے قاصر ہیں۔ ہماری یہ کوشش ہے کہ ہم ریاست مدینہ کے نمونہ سے پوری طرح سے رہنمائی حاصل کریں۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ دعا ہے ایسے مبارک مہینے ہماری زندگی میں بار بار آتے رہیں، حضرت محمد ﷺ کی زندگی اپنے اندر اعلیٰ اخلاق کی ایک دنیا لیے ہوئے ہے، آپ ﷺ نے دشمنوں سے اپنے آپ کو صادق اور امین کہلوایا، انہوں نے اپنے حسن انتظام سے روئے زمین پر ایک مثالی فلاحی ریاست قائم کی، ریاست مدینہ کے قیام کا مقصد صرف امت مسلمہ ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کی فلاح و بہبود تھا۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے جشن عید میلاالنبی ﷺ پر کہا کہ آقا کریم کی حیات طیبہ ایک کامل نمونہ ہے۔ نبی رحمتؐ نے جہالت، نفرت اور تنازعات کو ختم فرمایا، ہمیں بھی آپؐ کا طرز عمل اور رویہ اختیار کرنا چاہیے۔