کراچی: (روزنامہ دنیا) ڈیفنس سے پنجاب اسمبلی کے رکن کی جواں سال بیٹی کی لاش برآمد ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کی موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آئے گی، ڈاکٹروں کی رپورٹ کے مطابق لڑکی کے جسم پر بظاہر زخموں کے کوئی نشان نہیں۔
تفصیلات کے مطابق گذری کے علاقے ڈیفنس فیز 6 خیابان راحت پر واقع بنگلے سے 19 سالہ شفا چند دختر ممتاز چند کی لاش برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق شفا چند کو کلفٹن میں نجی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کر دی۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ فوری طور پر وجۂ موت کا علم نہیں ہو سکا، جو پوسٹ مارٹم کے بعد ہی سامنے آئے گی۔
ساؤتھ زون میں تعینات ایک سینئر پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ڈاکٹروں کی رپورٹ کے مطابق لڑکی کے جسم پر بظاہر زخموں کے کوئی نشان نہیں ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ متوفیہ پنجاب اسمبلی کے رکن ممتاز چند کی صاحب زادی ہیں، تاہم متوفیہ کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ لاش کے پوسٹ مارٹم کا فیصلہ اُس وقت کریں گے جب لڑکی کے والد پنجاب سے کراچی آئیں گے۔