کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کی مسجد کے وضو خانے میں ڈکیتی کرنے والا ٹی بی کا مریض گروہ سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے کارروائی کرکے سٹریٹ کرائم میں ملوث 7 ملزمان بھی دھر لئے۔
دھوراجی میں مسجد کے اندر ڈکیتی کرنیوالے تینوں ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ملزم رضوان، اقبال اور منیر نے مسجد کے اندر وضو خانے میں واردات کرکے شہری سے ڈھائی لاکھ روپے کی رقم لوٹی تھی جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
ایس ایس پی نعمان صدیقی کے مطابق ملزمان سٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیں۔ گرفتار ملزم رضوان ٹی بی کا مریض ہے۔ اس نے اپنے بیان میں کہا کہ والد نے سزا دلوائی لیکن جرم کی دنیا سے باہر نہ آ سکا۔
پولیس حکام کے مطابق نارتھ کراچی اور گارڈن سے 7 ملزموں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے تاہم ملزموں سے مزید تفتیش جاری ہے۔