لاہور: (دنیا نیوز) ٹریفک پولیس لاہور نے شہریوں کی جیبوں سے رواں سال کے دوران چالانوں کی مد میں ستتر کروڑ روپے سے زائد کی رقم نکلوا لی۔ لاکھوں چالانوں کے باوجود بھی شہر میں ٹریفک کا نظام بہتر نہ ہو سکا۔
ٹریفک پولیس ریکارڈ کے مطابق رواں سال مختلف خلاف ورزیوں پر 26 لاکھ 49 ہزار 8 سو تہتر چالان کیے گئے۔ ان چالانوں کے جرمانوں سے 77 کروڑ 22 لاکھ 36 ہزار چار سو روپے قومی خزانے میں جمع ہوئے۔
ریکارڈ کے مطابق اووسپیڈنگ پر آٹھ ہزار دو سو چھتیس چالان کیے گئے۔ مسافروں کی اوورلوڈنگ پر تیرہ ہزار ایک سو اٹھارہ اور سگنل کی خلاف ورزی پر 36 ہزار چالان کیے گئے۔
سامان کی اوورلوڈنگ پر انیس ہزار اور بغیر لائٹس ڈرائیونگ پر 23 ہزار 5 سو چالان کیے گئے۔ لائن کی خلاف ورزی پر 63 ہزار دو سو سے زائد چالان ہوئے۔
خطرناک ڈرائیونگ پر 26 ہزار 7 سو، دوران ڈرائیو موبائل کے استعمال پر 40 ہزار 8 سو، غلط پارکنگ پر ایک لاکھ بائیس ہزار پانچ سو جبکہ سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر 28 ہزار سے زائد چالان کیے گئے۔
اسی طرح لاکھوں چالان ہیلمٹ نہ پہننے اور دیگر خلاف ورزیوں پر کیے گئے ہیں۔ شہری چالانوں پر نالاں اور جرمانوں میں اضافے پر ملا جلا ردعمل دے رہے ہیں۔
سی ٹی او لاہور لیاقت علی ملک کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کا فرض ہے کہ وہ قوانین کا احترام کریں، جو چالان ہوئے ان کی تعداد خلاف ورزیوں کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔ رواں سال چالان کرنے کے دوران وارڈن اور شہریوں کے مابین جھگڑے کے بھی ساڑھے 6 سو سے زائد واقعات رونما ہوئے۔