لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کے رہنما کئی مہینوں سے جیل کاٹ رہے ہیں، آج تک ایک الزام ثابت نہیں ہوا۔ عمران صاحب کرکٹ کی مثالیں دیتےہیں، مخالفین کو کھیلنے کا موقع تو دیں، وہ پارلیمان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کیخلاف جب کچھ نہیں ملتا تو بیوروکریٹس اور سیکرٹری پر دباؤ ڈال کرکیس بنائے جا رہے ہیں، سیاسی مخالفین کے اراکین اسمبلی کو بکتربند گاڑیوں میں عدالت لایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب نےآتے ہی مخالف ٹیموں کو جیل بھجوا دیا۔ ن لیگی رہنما سعد رفیق، رانا ثنااللہ، شاہد خاقان عباسی، احد چیمہ آج قید میں ہیں،سعد رفیق کا بزنس ڈکلئیرڈ ہے، پروڈکشن آرڈر کے باوجود انہیں اسمبلی نہیں لایا جاتا۔ عمران صاحب کرکٹ کی مثالیں دیتے ہیں، انہیں اپنے ساتھ کھیلنے کا موقع تو دیں۔ مریم اورنگزیب نے عمران خان پر پارلیمان کو کمزور کرنے کا الزام بھی لگایا۔