اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کیا اور پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس کی روانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا غیرملکی فنڈنگ کیس پانچ برس سے چل رہا ہے، تمام دستاویزات موجود ہیں، فیصلہ آئے گا تو حکومت اور پارٹی ختم ہو جائے گی۔
اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے ممبر اکرم درانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کا فیصلہ کیا تھا، غیر ملکی فنڈنگ کیس 5 سال سے چل رہا ہے، رہبر کمیٹی کے ارکان چیف الیکشن کمشنر سے درخواست کیلئے آئے ہیں، ریاست مدینہ کا نام لینے والے احتساب سے کیوں بھاگ رہے ہیں ؟۔
اکرم درانی کا کہنا تھا کیس میں تاخیر ملک کیلئے نقصان دہ ہے، غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق کیس جلد نمٹایا جائے، تمام سیاسی جماعتوں کا مطالبہ ہے کیس کی روزانہ سماعت ہو، چیف الیکشن کمشنر کو تحریری یادداشت بھی پیش کریں گے۔
نیئربخاری نے کہا گزشتہ 5 سال سے غیرملکی فنڈنگ کیس زیر التوا ہے، پی ٹی آئی بنانے میں جن کا کردار تھا یہ کیس انہوں نے دائر کیا، اگر آپ چور نہیں تو پھر تلاشی دینے میں کیا حرج ہے ؟ لوگوں کی تلاشی کا مطالبہ کرتے ہیں، جب اپنی تلاشی کی بات آئے تو اجتناب کرتے ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا پاکستانی سیاست میں کرپشن کا میگا سکینڈل کسی سیاسی جماعت کی طرف سے سامنے نہیں آیا جتنا پی ٹی آئی کا سکینڈل سامنے آیا، گزشتہ کچھ سالوں سے عمران خان خود کو مسٹر کلین کہہ رہے تھے، بیرون ملک سے آنے والا پیسہ عمران خان نیازی اور ساتھیوں کے ذاتی اکاؤنٹس میں آتا تھا۔
لیگی رہنما نے کہا آئندہ ماہ چیف الیکشن کمشنر ریٹائرڈ ہونیوالے ہیں جن کے غیر حاضر ہونے سے کمیشن غیر موثر ہو جائے گا، پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کو غیر مکمل کر کے کیس سے بچنا چاہتی ہے۔