کراچی: (دنیا نیوز) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ عمران خان پی ٹی آئی کے نہیں پورے ملک کے وزیراعظم ہیں، مسائل کے حل کے لئے وزیراعلیٰ سندھ سے تو بات نہیں کی جا رہی، مودی سے بات کرنے کو ترس رہے ہیں۔ عمران خان کی تقریروں سے مایوسی پھیل رہی ہے۔
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین کا دھواں دار پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ 70 سال پہلے آزاد ہونے والا ملک آج بھی اپنوں کے ہاتھوں یرغمال ہے۔ پاکستان کو ہر دن گزرنے کے ساتھ برباد کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم کسی سے بات کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے بات کیوں نہیں کی جاتی؟ عمران خان پی ٹی آئی کے نہیں پورے ملک کے وزیراعظم ہیں۔ انہوں نے کراچی میں علی زیدی کی صفائی مہم پر بھی خوب ہاتھ صاف کیا اور کہا کہ ٹیوٹر پر شہر کی صفائی کروائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔