سندھ ہائیکورٹ میں مصطفیٰ کمال کی معطلی کیخلاف درخواست دائر

Last Updated On 28 August,2019 02:18 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ میں مصطفیٰ کمال کی معطلی کیخلاف درخواست دائر کر دی گئی، میئرکراچی، مصطفی کمال اور سیکریٹری بلدیات کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔

پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج مصطفی کمال کی معطلی کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ میئرکراچی کے معطلی کے نوٹی فکیشن کیخلاف درخواست محمد اقبال کاظمی نے دائرکی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ مصطفیٰ کمال نے شہر کو کچرے سے پاک کرنے کیلئے 90 روز کا چیلنج قبول کیا۔

میئرکراچی وسیم اختر نے پروجیکٹ ڈائریکٹر تعیناتی کے اگلے روز ہی نوٹی فکیشن معطل کر دیا۔ مئیر کراچی کو اگر کوئی شکایت تھی توضابطے کے تحت پہلے شوکاز نوٹس جاری کرتے۔ شوکاز نوٹس کے بغیر معطلی کا نوٹی فکیشن غیر قانونی ہے۔ مئیر کراچی کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن غیر قانونی قرار دیا جائے۔