لاہور: (دنیا نیوز) پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب نے کہا ہے کہ لیگی قیادت نے اپنے اکاؤنٹس خفیہ رکھے ہوئے ہیں، ن لیگ کے اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کی جائے. ان اکاؤنٹس میں بہت سی آن لائن منتقلیاں ہوئی ہیں، خدشہ ہے یہ اکاونٹس منی لانڈرنگ کیلئے استعمال ہوئے۔
پارلیمانی سیکرٹری ریلوے فرخ حبیب نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ن لیگ کے اکاؤنٹس میں رقم کی منتقلی کے ذرائع کاعلم نہیں، لیگی قیادت اکاؤنٹس سے متعلق جواب نہیں دے رہی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کیخلاف فارن فنڈنگ کیس چل رہا ہے، دونوں جماعتوں کے وکلا الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوتے، تحریک انصاف کو فنڈنگ بینکوں کے ذریعے ہوئی۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور (ن)لیگ خود گڑھے میں گرنے والی ہیں، سیاسی جماعتوں کی ایک ہی ٹی او آر پر جانچ پڑتال ہونی چاہیئے، عمران خان نے9 ماہ تک سپریم کورٹ میں اپنا احتساب کروایا۔