سپریم کورٹ: آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد روک دیا

Last Updated On 26 November,2019 11:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع پر عملدآمد روک دیا۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت آج تک ملتوی کر دی۔

  سپریم کورٹ نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ فیصلہ چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ نے تحریر کیا۔ حکم نامے میں کہا گیا کہ آئین اور ملٹری رولز میں توسیع کی کوئی گنجائش ہی نہیں۔

 تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ آرمی کو سیکیورٹی خدشات سے بطور ادارہ نمٹنا چاہیئے، افراد پر انحصار نہیں کیا جاسکتا، وزیراعظم نے نوٹیفکیشن پہلے خود جاری کر دیا، جس کا اختیار ہی نہیں، صدر نے کابینہ منظوری کے بغیر دوبارہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا، عوامی مفاد کے تناظر میں آرٹیکل 184/3 تحت قابل سماعت قرار دیا، آرٹیکل 184/3 کے تحت درخواستگزار کی انفرادی بنیادی حیثیت غیر معنی ہو جاتی ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی سمری پیش کی گئی، وزیراعظم نے 19 اگست کو اپنے طور پر تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا، نوٹیفکیشن کے بعد غلطی کا احساس ہوا، وزیراعظم نے صدر کو سمری بھجوائی، صدر مملکت نے 19 اگست کو ہی سمری کی منظوری دے دی۔

عدالت کو بتایا گیا سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر توسیع دی جا رہی ہے، سیکیورٹی سے نمٹنا بطور ادارہ فوج کا کام ہے، کسی ایک افسر کا نہیں، سیکیورٹی کی وجہ مان لیں تو ہر افسر دوبارہ تعیناتی چاہے گا، اٹارنی جنرل ملازمت میں توسیع، نئی تعیناتی کا قانونی جواز نہ دے سکے، آرمی رولز کے تحت صرف ریٹائرمنٹ کو عارضی معطل کیا جاسکتا ہے، ریٹائرمنٹ سے پہلے ریٹائرمنٹ معطلی چھکڑا گھوڑے کے آگے باندھنے والی بات ہے۔

 واضح رہے کہ 19 اگست کو جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع کی گئی تھی۔ وزیراعظم آفس سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے موجودہ مدت مکمل ہونے کے بعد جنرل قمر جاوید باجوہ کو مزید 3 سال کے لیے آرمی چیف مقرر کر دیا۔

یاد رہے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 29 نومبر 2016ء کو پاک فوج کی کمان سنبھالی، انہوں نے فوجی کیرئیر کا آغاز اکتوبر 1980ء میں 16 بلوچ رجمنٹ سے کیا تھا۔ پاک فوج کے سابق سربراہان جنرل یحیٰ خان، جنرل اسلم بیگ اور جنرل کیانی کا تعلق بھی بلوچ رجمنٹ سے تھا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع

جنرل قمر جاوید باجوہ پاک فوج کی کمان سنبھالنے سے قبل انسپکٹر جنرل آف ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن کے عہدے پر تعینات رہے جبکہ 10 ویں کور کو بھی کمانڈ کرتے رہے۔

10 ویں کور پاک آرمی کی سب سے بڑی کور ہے جس کی ذمہ داری لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کو سنبھالنا ہے، اس کے علاوہ بطور میجر جنرل انہوں نے فورس کمانڈ ناردرن ایریاز کی سربراہی کی۔ جنرل قمر باجوہ کینیڈین فورسز کمانڈ اینڈ سٹاف کالج، امریکا کی نیول پوسٹ گریجویٹ یونیورسٹی اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے سکول آف انفنٹری اینڈ ٹیکٹس کوئٹہ میں انسٹرکٹر کی خدمات بھی انجام دیں۔ انہوں نے کانگو میں پاکستانی دستے کی کمانڈ کی جبکہ راولپنڈی کور کے چیف آف سٹاف بھی رہ چکے ہیں۔

 

Advertisement