آرمی چیف تہران پہنچ گئے، ایرانی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف سے ملاقات

Last Updated On 18 November,2019 09:32 pm

تہران: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید نے ایران کے مسلح افواج کے چیف آف سٹاف سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر تہران پہنچ گئے جہاں پر انہوں نے ایرانی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف جنرل محمد حسین سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور ایرانی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف کے درمیان ملاقات کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال اور امن و استحکام پر بھی بات چیت کی گئی۔ جبکہ پاک ایران سرحد پر سکیورٹی امور بھی زیر غور آئے۔

 اس سے قبل پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترک مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف کی ملاقات ہوئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹر کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے دوران باہمی دفاعی تعاوان کو فروغ دینے سے متعلق بات چیت کی گئی۔

 

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران خطے کی سکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

میجر جنرل آصف غفور کے مطابق ملاقات کے دوران ترک مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل یاسر گولر نے خطے میں امن و امان کے لیے پاک فوج کو کوششوں کو سراہا۔