اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ملاقات میں ملکی سییکیورٹی صورتحال اور پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں کشمیر اور کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت سے پیدا صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فرنٹیئر کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ فاٹا میں امن کیلئے فرنٹیئر کور کا اہم کردار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سماجی اور اقتصادی ترقی فورسز کی کوششوں سے ممکن ہوئی۔ ملک میں دیرپا امن کیلئے اقدامات جاری رکھیں گے۔ پاک وطن کیلئے قربانیاں دینے والے قوم کا سرمایہ، انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف کے درمیان پرائم منسٹر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں سیکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مقبوضہ کشمیر، مغربی بارڈر اور اندرونی سیکیورٹی سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔
وزیراعظم عمران خان نے بارڈر پر پاک افواج کی کاوشوں کو سراہا اور اقتصادی ترقی کے لیے ملک میں استحکام کو یقینی بنانے میں پاک فوج کے کردار کی تعریف کی۔