اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی فنڈنگ کیس میں مزید دستاویزات الیکشن کمیشن میں جمع کروا دی ہیں۔
ن لیگ کو دستاویزات جمع کروانے کیلئے تین روز جبکہ پیپلز پارٹی کو اڑتالیس گھنٹے کا وقت دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی۔
پاکستان تحریک انصاف نے شاہ خاور کو کیس میں نیا وکیل مقرر کیا ہے، جنہوں نے دستاویزات الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی کو پیش کیں۔
سکروٹنی کمیٹی بدھ کو ان دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد جمعرات کو دوبارہ تحریک انصاف اور درخواست گزار اکبر ایس بابر کو سنے گی۔
الیکشن کمیشن نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو سوالنامہ دیتے ہوئے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی اکاؤنٹس کی تفصیلات جمعہ تک پیش کی جائیں، اگر برطانیہ میں (ن) لیگ کی کوئی کمپنی رجسٹرڈ ہے تو اس سے متعلق تفصیلات بھی پیش کی جائیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پیپلز پارٹی کو ہدایت کی کہ ملکی اور غیر ملکی اکاؤنٹس کیساتھ امریکا میں پیپلز پارٹی کے نام سے رجسٹرڈ کمپنی کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔ دونوں پارٹیوں سے چندہ دینے والے افراد کے شناختی کارڈ نمبرز بھی طلب کیے گئے ہیں۔