نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ، 20 لاکھ گھر دیہات میں دیئے جائینگے

Last Updated On 26 November,2019 09:17 am

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ دیہات کے عوام کو 20 لاکھ سنگل سٹوری مکانات 7 لاکھ روپے فی مکان کے حساب سے بنا کر فراہم کئے جائیں گے۔ شہروں میں 26 لاکھ روپے مالیت کا مکان یا فلیٹ 13 لاکھ روپے میں فراہم کیا جائیگا، باقی 13 لاکھ روپے کی سبسڈی دی جائے گی، ملک کے اہم مقامات پر کمرشل پلازے، شاپنگ مالز اور دیگر عمارات بناکر حاصل ہونے والی آمدنی اس پراجیکٹ کے اگلے مراحل پر خرچ کی جائے گی۔

پاکستان انوویٹیو فنانس فورم سے خطاب کرتے ہوئے نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے سینئر عہدیدار بریگیڈیئر احسان اللہ نے کہا ملک میں ایک کروڑ 20 لاکھ گھروں کی ضرورت ہے، ہر سال کی مانگ کا نصف بھی پورا نہیں کیا جاسکتا، شہروں پر دباؤ کم کرنے کیلئے 50 لاکھ گھروں میں سے 20 لاکھ دیہات کے عوام کو فراہم کئے جائیں گے، دیہات میں 650 مربع فٹ سے 900 مربع فٹ کے گھر 6 سے 7 لاکھ روپے میں فراہم کئے جائیں گے کیونکہ دیہات میں زمینیں سستی ہیں لہذا اس پر سبسڈی نہیں دینی پڑے گی تاہم شہروں میں زمینیں مہنگی ہونے سے فلیٹ تعمیر کرنے پر توجہ دی جائے گی اور شہروں سے کچھ باہر علاقوں میں گھر بناکر دیئے جائیں گے۔

 

انہوں نے بتایا 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ ضرور مکمل کیا جائے گا، ابتدائی طور پر کچھ مشکلات ہیں لیکن کچھ عالمی مالیاتی اداروں اور ملکی بینکوں کے ساتھ مزاکرات آخری مراحل میں ہیں، جلد ہی معاہدوں پر دستخط کر لئے جائیں گے جس کے بعد منصوبے میں تیزی آئے گی۔ انہوں نے کہا جب تک نجی شعبے کا اعتماد بحال نہیں ہوتا اور انہیں مناسب منافع نہیں دیا جاتا، اس وقت تک نجی شعبے کو اس اہم منصوبے کی جانب سے نہیں لایا جاسکتا۔
 

Advertisement