پاکستان اور چین کا شراکت داری مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

Last Updated On 28 April,2019 05:13 pm

بیجنگ: (دنیا نیوز) چین نے ایک بار پھر پاکستان کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔ صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے۔

وزیراعظم عمران نے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے کامیاب انعقاد پر چینی صدر کو مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان وفود کی سطح پر خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے پرتپاک استقبال اور تمام ایشوز پر تعاون کیلئے چینی صدر اور ان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی دلچسپی کے معاملات پر مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے سیکنڈ بیلٹ اینڈ روڈ کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر چینی صدر شی جن پنگ کو کو مبارکباد دیتے ہوئے سی پیک کے اگلے فیز کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے اگلے فیز میں زراعت اور انڈسٹری سمیت مختلف شعبوں میں نئی راہیں کھلیں گی۔

چینی صدر شی جن پنگ نے بھی پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کی تعریف کی اور کہا کہ پاک چین تعلقات وقت گزرنے کیساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوں گے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے کی صورتحال خصوصاً افغان امن عمل پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ چینی صدر نے دہشت گردی کے خاتمے اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کی تعریف کی۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام سطحوں پر بات چیت کا عمل جاری رکھنے کا عزم کیا۔
 

Advertisement