پاکستان اور چین کے مابین ریلوے کے معاہدے ایم ایل ون پر دستخط

Last Updated On 28 April,2019 02:03 pm

بیجنگ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے بیجنگ میں اپنے ہم منصب لی کی چیناگ سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں‌ وزرائے اعظم نے ریلوے کے معاہدے ایم ایل ون پر دستخط بھی کئے. اس سے قبل عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی جس میں‌ ون روڈ ون بیلٹ منصوبے اور پاک چین اکنامک کوریڈور سمیت امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی.

وزیراعظم عمران خان کی دورہ چین کے دوران اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں جاری ہیں، وزیراعظم نے بیجنگ میں چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ سے ملاقات کی، اس دوران پاکستانی وفد کے ارکان بھی موجود رھے۔ بعد ازاں عمران خان اور چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے ریلوے کے معاہدے ایم ایل ون پر دستخط کئے جس کے تحت پشاور سے کراچی ریلوے کا ڈبل ٹریک بھی بنایا جائے گا۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے منصوبے سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آج ریلوے کی تاریخ کا بڑا دن ہے، 13 سال قبل اس منصوبے کی فزیبلٹی پر دستخط کئے تھے ، ایم ایل ون کے تحت پشاور تا کراچی ریلوے کی ڈبل لائن بچھائی جائے گی اور اس ٹریک پر ٹرین کی سپیڈ 160 کلو میٹر فی گھنٹہ ہو گی۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان اور چین کے صدر شی جن پنگ کے ہمراہ بیجنگ کے گریٹ چائنہ ہال میں ملاقات ہوئی جس کے دوران دونوں ملکوں کی باہمی تجارت بڑھانے اور تعلقات کو نئی وسعتوں تک لے جانے پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے چینی صدر کو پاک چین اکنامک کوریڈور کی تعمیر اور دیگر اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔ دونوں رہنماوں کے مابین علاقائی صورتحال، افغانستان میں قیام امن اور دہشتگردی کیخلاف مشترکہ لائحہ عمل سمیت تفصیلی بات چیت ہوئی۔

 

Advertisement