جہلم : (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف پر غداری کا مقدمہ آرٹیکل 4 کی خلاف ورزی ہے۔
جہلم میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف ہمارے محسن ہیں جنہوں 1999 میں مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے ہماری جان چھڑائی تھی۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی توسیع پر تمام سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے ہے۔ آئندہ سیشن میں قانوں سازی مکمل ہو جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف جب طاقت میں تھے تو لوگ لائن لگا کر انکے سگار سلگانے کیلیے کھڑے ہوتے تھے، اگر پرویز مشرف کو سزا دینی ھے اس وقت جو لوگ انکے ساتھ ان سب کو بھی سزا ملنی چاہئے۔
نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کی واپسی کی امید انکے خاندان والوں کو بھی نہیں ہے ۔
فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان 13 دسمبر کو جلالپور نہر کے سنگ بنیاد کیلیے پنڈدادن خان آئیں گے اور پنڈ دادن خان میں جلسہ سے خطاب کریں گے۔