لاہور: (روزنامہ دنیا) لیاقت آباد کی حدود دھلے فلیٹس کے قریب غباروں میں ہوا بھرنے والا سلنڈر پھٹ گیا، جس کے نتیجہ میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 8 شدید زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد فلیٹس کے نزدیک لیکج کے باعث سلنڈر کا دھماکا ہوا، دھماکا غباروں میں ہوا بھرنے والے سلنڈر کی وجہ سے ہوا جس کے نتیجے میں موقع پر موجود خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔
دھماکا کے بعد آگ لگ گئی، ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا۔ ریسکیو کے مطابق حادثے میں 50 سالہ اسحاق موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا، ہسپتال میں 18 سالہ عظیم اور ایک نامعلوم شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاشیں مردہ خانہ جمع کروا دی جبکہ باقی زخمیوں کو ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لیاقت آباد میں غباروں میں گیس بھرنے کی ٹینکی پھٹنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔ وزیر اعلیٰ نے واقعہ کے بارے میں ضلعی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔