لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان ایک نازک دور سے گزر رہا ہے، نئے پاکستان میں پرانے مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنا ہے، عوامی خدمت کو فوکس کیا جائے گا، پنجاب میں امن وامان اور گورننس کے نظام میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے، جہاں ایوان وزیراعلیٰ میں سردار عثمان بزدار نے وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں گورننس کی بہتری کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کی صورتحال پر وزیراعظم کو اعتماد میں لیا، پنجاب میں انتظامی تبدیلیوں سے متعلق مشاورت بھی ہوئی۔
نئے چیف سیکرٹری اور آئی جی نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی، نئے آئی جی پنجاب نے وزیر اعظم کو پولیس رویے میں بہتری کیلئے اپنے ویژن اور صوبے میں امن و امان کی بہتری کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے آئی جی کو وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غریب آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کے لیے کوشش کر رہے ہیں، اپنے دور حکومت میں افسران کو ہر قسم کے سیاسی دباؤ سے آزاد کیا ہے، غریب کو طاقتور کے خلاف تحفظ فراہم کریں گے۔