اسلام آباد: (دنیا نیوز) آرمی چیف کی مدت ملازمت سے توسیع کے متعلق نئی سمری ایوان صدر کو ارسال کر دی گئی، صدر مملکت کی منظوری کے بعد اٹارنی جنرل نیا نوٹیفکیشن آج سپریم کورٹ میں پیش کریں گے۔ ڈرافٹ میں 'تقرری' کے بجائے 'توسیع' کا لفظ شامل کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں ہوا، اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی۔ قانونی ٹیم نے عدالتی کارروائی سمیت اعتراضات اور قانونی نکات پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں سپریم کورٹ میں زیر سماعت کیس سے متعلق مشاورت کی گئی اور عدالتی اعتراضات دور کرنے سے متعلق ڈرافٹ تیار کیا گیا جس میں دوبارہ تقرری کے بجائے توسیع کا لفظ شامل کیا گیا۔
ذرائع کےمطابق وزیراعظم عمران خان نے سمری میں بار بار غلطیوں پر اظہار برہمی کیا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جو اعتراضات عدالت نے اٹھائے وہ سمری کی تیاری کے وقت کیوں نظر انداز ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے عدالتی فیصلے کے بعد غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی سمری کابینہ اراکین کو خصوصی میسنجر کے ذریعے ارسال کی گئی پھر کابینہ نے سمری کی منظوری دی اور رات گئے سمری صدر مملکت کو ارسال کر دی گئی۔