اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے فروغ نسیم کا بطور وزیر قانون وانصاف استعفیٰ کی منظوری کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا، استعفے کی منظوری کا اطلاق چھبیس نومبر سے ہوگا۔
کابینہ ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق صدر مملکت نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر فروغ نسیم کا بطور وزیر قانون وانصاف استعفیٰ منظور کیا۔
خیال رہے کہ فروغ نسیم کے مستعفی ہونے کے بعد وفاقی کابینہ اراکین کی تعداد انچاس سے کم ہو کر اڑتالیس جبکہ وفاقی وزرا پچیس سے کم ہو کر چوبیس رہ گئے ہیں۔
حکومتی وزرائے مملکت چار، مشیر پانچ اور وزیراعظم کے معاونین خصوصی کی تعداد پندرہ ہے۔
یاد رہے کہ فروغ نسیم نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سپریم کورٹ میں کیس کی پیروی کرنے کیلئے گذشتہ روز وفاقی وزیر قانون کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا۔