اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے سعودی شہزادہ سلطان بن سلمان کی پاکستان میں فلاحی کاموں پر تعریف کی اور کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ مشترکہ مذہب، ثقافت اور تاریخ پر مبنی تعلقات ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، خسرو بختیار اور سیکرٹری خارجہ ملاقات میں موجود تھے۔ وزیراعظم نے اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اور موثر بیانیے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی تہذیب کو اجاگر کرنے کیلئے نوجوانوں کی شمولیت یقینی بنانا چاہیے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ معاشی تعاون اور مضبوط اقتصادی تعلقات کے اقدامات پر سعودی قیادت کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں سے سعودی شہزادے کو آگاہ کیا اور بتایا کہ کشمیری بدترین لاک ڈاؤن کا شکار ہیں۔ بین الاقوامی برادری معصوم کشمیریوں کی جدوجہد کا ساتھ دے۔
سعودی شہزادہ سلطان بن سلمان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مسلم دنیاکو اسلام سے متعلق غلط فہمیوں کے خاتمے کیلئے کوششیں کرنا ہونگی۔