لاہور: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی خراب ہے، مہنگائی اور امن و امان کامسئلہ ہے، عثمان بزدار اب سیکھ گئے ہیں، ٹھیک ہو جائیں گے، 18 ویں ترمیم موجود ہے جس نے تبدیلی لانی ہے آئینی طریقے سے لائے۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا مولانا فضل الرحمان جلد ہی کہیں گے بہت ہی خالی ہاتھ گیا ہوں، تمام جماعتیں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے متفق ہیں، سندھ سے چیخوں کی آواز سن رہا ہوں، عمران خان کسی صورت این آر او نہیں دیں گے، اپوزیشن کےپاس کرنے کو کچھ نہیں ہے، آصف زرداری کی پلی بار گین کا معاملہ مارچ تک حل ہو جائے گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا آرمی چیف نے کرتارپور راہداری کا ایسا زخم لگایا جو بھارت یاد رکھے گا، حکومت مدت پوری کرے گی، الیکشن وقت پر ہوں گے، دلچسپ واقعہ ہے بیمار نواز شریف ہیں جبکہ چھٹیاں شہباز شریف گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ایک مافیا ہے جو عمران خان کی حکومت کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے، ملک میں ہیجان برپا کرنے کی ناکام کوشش کی گئی، آئین میں ترمیم کی ضرورت نہیں، سادہ اکثریت سے کام ہوسکتا ہے۔