وزیر خارجہ شاہ محمود کی سری لنکن ہم منصب سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر گفتگو

Last Updated On 02 December,2019 03:15 pm

کولمبو: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سری لنکن ہم منصب سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی اور سری لنکا کے نئے مقرر ہونے والے وزیر خارجہ ڈائنش گناوردینا کی ملاقات ہوئی، وزیر خارجہ نے اپنے سری لنکن ہم منصب کو بطور وزیر خارجہ تقرری پر مبارکباد دی۔ سری لنکا کے وزیر خارجہ نے اپنے سفارتکاروں کی تربیت، پاکستان کی فارن سروس اکیڈمی سے دلوانے کی درخواست کی جسے شاہ محمود قریشی نے قبول کر لیا۔

وزیر خارجہ نے سری لنکن ہم منصب کو 5 اگست کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور ان کے نتیجے میں خطے کو درپیش حطرات سے آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے حالیہ دورے سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوئی ہے، روا‍ں ماہ پاکستان میں منعقد ہونیوالے ٹیسٹ میچز میں شرکت کیلئے سری لنکن ٹیم کی آمد کے منتظر رہیں گے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لئے باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔