اسلام آباد: (دنیا نیوز) نون لیگ نے پارٹی فنڈنگ کیس میں فنڈز فراہم کرنے والے افراد کی تفصیلات دینے کیلئے مہلت مانگ لی، نون لیگ نے بیرون ملک کمپنیوں کی ملکیت کا الزام مسترد کر دیا۔
مسلم لیگ نون کی جانب سے محسن شاہ نواز رانجھا اور وکیل جہانگیر جدون الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ نون لیگ نے موقف اختیار کیا کہ ان کی امریکہ میں کوئی کمپنی رجسٹرڈ نہیں تاہم برطانیہ میں مبینہ کمپنی سے متعلق کوئی جواب نہیں دیا۔
نون کے رہنماؤں نے کہا کہ ملک میں موجود تمام پارٹی اکاؤنٹس پہلے ہی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کئے جا چکے ہیں، چندہ دینے والے افراد کے شناختی کارڈ نمبرز جمع کرانے کیلئے وقت چاہئے۔ نون لیگ پارٹی فنڈنگ کیس سے متعلق سکروٹنی کمیٹی کا آئندہ اجلاس 3 دسمبر کو ہو گا۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے درخواست گزار فرخ حبیب نے کہا کہ نون لیگ ایک صفحے کا جواب جمع کروا کر راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔