خصوصی عدالت کا آئندہ سماعت سے سنگین غداری کیس روزانہ کی بنیاد پر سننے کا فیصلہ

Last Updated On 28 November,2019 12:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس آئندہ سماعت سے روزانہ کی بنیاد پر سننے کا فیصلہ کرلیا۔ عدالت نے کہا پرویز مشرف 5 دسمبر سے قبل آ کر اپنا بیان ریکارڈ کرا سکتے ہیں۔

سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت ہوئی۔ خصوصی عدالت نے تحریری جواب جمع نہ کرانے پر اظہار برہمی کیا۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ وہ صرف سپریم کورٹ کے احکامات کے پابند ہیں۔

عدالت نے کیس کی سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر پراسیکیوشن ٹیم پوری تیاری کے ساتھ پیش ہو، اس کے بعد التوا نہیں دیا جائے گا۔

یاد رہے خصوصی عدالت پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کا محفوظ فیصلہ آج سنانے والی تھی لیکن گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ سنانے سے روک دیا تھا۔