اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے موٹر ویز اور ہائی ویز پر جرمانوں میں خوفناک اضافہ کر دیا، اوور سپیڈ پر جرمانہ ساڑھے سات سو سے 2500 جبکہ بعض جرمانے 5 اور 10 ہزار روپے کر دئیے گئے۔
وزارت مواصلات کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اوورسپیڈ نگ پر موٹر سائیکل کو 1500 اور کار کو 2500 جرمانہ ہو گا، کمرشل گاڑیوں کیلئے بھی 10000 جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔ اوور لوڈنگ پر بھی کمرشل گاڑیوں کو 10 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔
وزارت مواصلات کے مطابق غلط اوور ٹیکنگ پر کار اور موٹر سائیکل کو 1500 جبکہ کمرشل گاڑی کو 3000 روپے جرمانہ ہوگا۔ بے ہنگم ڈرائیونگ پر بھی کار اور موٹر سائیکل کو 5000 جبکہ کمرشل گاڑی پر 10000 جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
یو ٹرن لینے پر کار، موٹر سائیکل کو ایک ہزار اور کمرشل گاڑی پر 3000 کا جرمانہ ہوگا۔ سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر بھی کار کو 1500 اور کمرشل گاڑی پر 3000 جرمانہ عائد کیا جائے گا، غلط پارکنگ پر بھی 750 روپے کا جرمانہ ادا کرنا پڑ ے گا۔