سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن ریٹائرمنٹ سے چند روز پہلے مستعفی

Last Updated On 02 December,2019 03:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پولیس سروس آف پاکستان کے سینئر افسر بشیر میمن نے ریٹائرمنٹ سے 10 روز پہلے ڈی جی ایف آئی اے کے عہدے سے ہٹائے جانے پر احتجاجاٍ استعفیٰ دے دیا۔

 سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے اپنا استعفیٰ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو بھجوا دیا ہے، پولیس سروس کے 22 ویں گریڈ کے افسر بشیر میمن کو ڈی جی ایف آئی اے کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا، ان کی جگہ پاناما جے آئی ٹی کی سربراہی کرنے والے واجد ضیاء کو ایف آئی اے کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ بشیر میمن نے حکومتی فیصلے پر احتجاجاٍ استعفیٰ دیا، ان کا موقف ہے کہ انہوں نے 35 سال تک ملک و قوم کی خدمت کی انہیں ان کی ریٹائرمنٹ سے محض 10 روز قبل عہدے سے ہٹا دیا گیا، حکومت نے ان کی خدمات کو نظرانداز کیا اور دس دن بھی برداشت نہیں کر سکی۔

واضح رہے کہ بشیر میمن نے 16 دسمبر کو اپنی مدت ملازمت پوری ہونے پر ریٹائر ہونا تھا۔