اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ غریب عوام کو اپنا گھر مل کر رہے گا، غریبوں کو گھر کی چھت کیلئے پیشرفت تیزی سے جاری ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت گھروں کی تعمیر کے منصوبے کی تکمیل کیلئے پر عزم ہیں، تعمیر شدہ گھر کی فروخت کے مرحلے پر فکس ٹیکس کا نفاذ اور تعمیراتی مرحلے پر سیلز ٹیکس کا خاتمہ شعبہ تعمیرات کے فروغ اور ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تعمیرات کے شعبے سے وابستہ افراد کے لیے مزید آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں، کیپٹل ویلیو ٹیکس کی شرح کم کرنے کے ساتھ ساتھ ای سٹیٹمنٹ پیپر کا اجراء بھی عمل میں لایا جا رہا ہے، اجازت ناموں اور این او سیز کو ممکنہ حد تک کم کیا جا رہا ہے جس سے تعمیرات کے شعبے کو فروغ ملے گا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا معاشی سرگرمیوں میں اضافہ اور ہنر مند افراد کے لیے روزگار کی نئی راہیں کھلیں گی، سارے عمل میں سہولت اور آسانی پیدا کر کے گھروں کی تعمیر کے عمل کو تیز بنایا جائے گا، وزیراعظم عمران خان کے قوم سے کیے گئے تمام وعدے پورے ہوں گے۔