شہباز شریف کو عدالت سے ضمانت ملی، بے گناہی کا سرٹیفکیٹ نہیں،فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 04 December,2019 07:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے ڈھٹائی سے قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، انھیں بے گناہی کا سرٹیفکیٹ نہیں بلکہ عدالت سے ضمانت ملی ہے۔

لیگی صدر کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ آشیانہ ہاؤسنگ سکیم سے متعلق کیس زیر سماعت ہے، جس کیس کا فیصلہ نہیں ہوا، اس میں شہباز شریف ٹرافی اٹھا رہے ہیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف نے ایک گھنٹے میں آپ بیتی قوم کو سنائی اور من گھڑت بیانیہ پیش کیا۔ ملکی فضائیں اپوزیشن لیڈر کی متلاشی ہیں۔ انہوں نے قوم کی آنکھوں میں مرچیں ڈالنے کی کوشش کی۔ جب تک فیصلہ نہیں آتا، آپ ملزم ہی رہیں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوریت کے ترانے گانے والے پارلیمنٹ کے بجائے عدالتوں میں جا رہے ہیں۔ نوید جان بلوچ کے حوالے سے اتفاق رائے ہوا تھا۔ اپوزیشن نے اس نام کو بھی ایک ہفتے کے لیے موخر کیا۔ اپوزیشن نے خود چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تعنیاتی کے لیے وقت لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف پریس کانفرنس میں وکٹری کا نشان بنانے کے بجائے عدالتوں میں ثبوت پیش کریں۔ اگر نیب وزیراعظم کے کہنے پر احتساب کرتی تو اپوزیشن کی لکا چھپی نہ چل رہی ہوتی۔ عمران خان کسی سے ذاتی انتقام نہیں لینا چاہتے۔