لاہور: (دنیا نیوز) بریفنگ کے مطابق اورنج ٹرین کا ایک سیٹ 5 بوگیوں پر مشتمل ہوگا، ایک بوگی میں 50 افراد بیٹھ سکتے ہیں، پانچ بوگیوں پر مشتمل اورنج ٹرین کے ایک سیٹ میں 250 افراد سوار ہو سکیں گے۔ دوسری جانب ٹرین کے ایک سیٹ میں 800 افراد کے کھڑے ہونے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹرین کے اندر مسافروں کی رہنمائی کیلئے 2 سکرینیں بھی نصب کی گئی ہیں۔ ٹرین کی پہلی اور آخری بوگیوں میں ڈرائیور کمپارٹمنٹ بنائے گئے ہیں۔ ٹرین کی ایک بوگی میں 2 اے سی یونٹس نصب کیے گئے ہیں جن کی مدد سے ٹرین کا اوسطاً درجہ حرارت 23 ڈگری رکھا جائے گا۔
بریفنگ میں دی گئی تفصیل کے مطابق اورنج ٹرین کی زیادہ سے زیادہ رفتار 110 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ واضح رہے اورنج لائن ٹرین پٹری پر آنے کو تیار ہے۔ حکومت کی جانب سے 10 دسمبر کو آزمائشی آپریشن شروع کرنے کی حتمی منظوری مل گئی ہے اور ٹرین روٹ بھی وضع کر دیا گیا ہے۔
اورنج ٹرین ڈیرہ گجراں سے علی ٹاؤن سٹبلنگ یارڈ تک چلائی جائے گی۔ ٹیسٹ رن کے دوران ٹرین کی سپیڈ 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ رکھی جائے گی۔
آزمائشی سروس کے دوران ٹرین کسی سٹیشن پر نہیں رکے گی۔ دوسری جانب ٹریک پر جانے والے راستوں پر خاردار اور الیکٹرک وائرز لگا دی گئیں ہیں۔