اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ لاہور میں اورنج لائن ٹرین جنوری دو ہزار بیس تک چلائی جائے۔ عدالت منصوبے کی تکمیل یقینی بنانے کیلئے خود نگرانی کرے گی۔
سپریم کورٹ میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کیس کی سماعت، عدالت نے منصوبے کی تکمیل میں تاخیر پر اظہار برہمی کرتے ہوئے میٹرو ٹرین چلانے کیلئے اگلے سال جنوری تک کی مہلت دیدی۔
جسٹس عظمت سعید نےاستفسار کیا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ ابھی تک مکمل نہیں ہوا، کتنے پیسے خرچ ہوچکے ہیں۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ پراجیکٹ پر 169 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ فاضل جج نے کہا منصوبے میں تاخیر سے لاگت بھی بڑھ رہی ہے، کیا اضافی لاگت آپ ادا کریں گے، سپریم کورٹ ہر حال میں منصوبہ مکمل کروائے گی۔
عدالت کے استفسار پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ پراجیکٹ ڈائریکٹر سبطین فضل حلیم کو توسیع دینےکیلئے سفارش کردی گئی ہے، عدالت نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کی جانب سے تکمیل کی مدت میں مہلت کی درخواست منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ میٹرو ٹرین منصوبہ جنوری 2020 تک مکمل کیا جائے، سپریم کورٹ منصوبے کی نگرانی خود کرے گی، کیس کی سماعت گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کر دی گئی۔