لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے تمام کارکنوں اور ممبران اسمبلی کو دس دسمبر کو اورنج ٹرین سٹیشن پر پہنچنے کی ہدایت کر دی۔
شہباز شریف نے لندن سے سکریٹری مسلم لیگ ن لاہور خواجہ عمران نذیر کو ٹیلی فون کیا اور اورنج ٹرین کے افتتاحی منصوبے کی کامیابی کا جشن منانے کی تیاریاں کرنے کی ہدایت کی۔
ن لیگ کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت ہمارے عوامی منصوبوں پر صرف تختیاں لگا سکتی ہے۔ ہم کسی عوامی منصوبے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنیں گے۔ ہمارے ادوار کے شروع کیے گیے عوامی فلاحی منصوبے ملکی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔ دو سال تک اورنج ٹرین منصوبے کی تاخیر میں موجودہ حکومت کی مجرمانہ غفلت ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا اجلاس بھی منگل کے روز طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں لاہور سے تعلق رکھنے والے ممبران اسمبلی شرکت کریں گے۔
شہباز شریف نے تمام کارکنوں اور ممبران اسمبلی کو دس دسمبر کو اورنج ٹرین سٹیشن پر پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ن لیگ افتتاح کے موقع پر مسافروں میں پھول اور ن لیگ کے فلاحی منصوبوں کے پمفلٹس تقسیم کرے گی۔ تمام ن لیگ کے ممبران اسمبلی ہر سٹیشن پر موجود ہوں گے۔