مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے عالمی دن پر آج یوم سیاہ، عوام بھارت کیخلاف سراپا احتجاج

Last Updated On 10 December,2019 09:34 am

سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں آج انسانی حقوق کے عالمی دن کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جارہا ہے، یہ دن منانے کی اپیل حریت رہنما سیدعلی گیلانی نے کی تھی۔ پوری مقبوضہ وادی بھارت کے جبر اور ظلم کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں 128 ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے، آج مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کے عالمی دن پر یوم سیاہ ہے، بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے یوم سیاہ کا اعلان کیا تھا۔ آج سے وادی میں "بھارت کو کشمیر سے نکلنا پڑے گا" تحریک کا بھی آغاز ہو رہا ہے۔ طلبا نے جگہ جگہ بھارت کے خلاف بینرز لگا دیئے۔ 

چار ماہ سے جاری کرفیو اور پابندیوں کے باعث مقبوضہ وادی میں نظام زندگی مفلوج ہے، تعلیمی ادارے، دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں اور ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے اور حریت رہنما اور مقامی سیاسی قیادت سمیت گیارہ ہزار کشمیری گرفتار ہیں، مقبوضہ وادی کی معیشت کو پندرہ ہزار کروڑ کا نقصان ہو چکا ہے جبکہ ہزاروں کشمیری بیروزگار ہو گئے ہیں۔