اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیکرٹری اسلام آباد ہائی کورٹ بار عمیر بلوچ کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹس اور لائسنس معطلی پر پاکستان بار کونسل بھی میدان میں آگئی، پاکستان بار کونسل نے 19 دسمبر کو توہین عدالت کیس کی سماعت کے روز ملک گیر ہڑتال کی کال دے دی۔
وکلاء نے 19 دسمبر کو توہین عدالت کیس سماعت تک چیف جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت کے مکمل بائیکاٹ کا فیصلہ کرلیا۔ ہائی کورٹ بار کی جنرل باڈی میں قراداد منظور کرلی گئی جس میں کہا گیا کہ وکلا احتجاجاً چیف جسٹس کی عدالت میں پیش نہیں ہوں گے، سیکرٹری عمیر بلوچ کے لائسنس کی بحالی تک چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی عدالت کا بائیکاٹ رہے گا، 19 دسمبر کو ملک بھر کے وکلا نمائندے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی عدالت میں پیش ہوں گے، عمیر بلوچ کے لائسنس معطلی معاملے پر تمام پاکستان کے وکلا متحد ہیں۔
تین نئے ججز کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے والے وکلا کے لائسنس ایک ماہ کے لیے معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔