اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان 16 دسمبر کو بحرین کا دورہ کریں گے، وزرا اور حکومتی عہدیداروں کا اعلی سطح وفد بھی ان کے ہمراہ ہو گا. عمران خان کو بحرین کے اعلی ترین سول اعزاز سے نوازا جائے گا.
وزیر اعظم آفس سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم بحرین کا دورہ امیر بحرین حماد بن عیسی الخلیفہ کی دعوت پر کر رہے ہیں، دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان حماد بن عیسیٰ آل خلیفہ سے ون آن ون ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمراہ ولی عہد سلمان بن حماد آل خلیفہ سے بھی ملاقات کریں گے۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی امور سے متعلق بات چیت کی جائے گی۔ پاکستان اور بحرین باہمی اعتماد، عقائد اور ثقافت پر مبنی قریبی ہم آہنگی کے تعلقات سے دوچار ہیں۔ اقوام متحدہ، او آئی سی اور جی سی سی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان اور بحرین کا قریبی رابطہ ہے، بحرین کی سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والے ایک لاکھ سے زائد پاکستانی تارکین وطن بھی شامل ہیں۔
ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ بحرین سے دونوں ممالک میں باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ ملے گا، وزیراعظم عمران خان خان بحرین کے قومی دن کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے، وزیراعظم کیساتھ وفاقی وزرا اور اعلی حکومتی عہدیداروں پر مشتمل وفد بھی بحرین جائیگا، اگست 2018 میں حکومت سنبھالنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کا یہ بحرین کا پہلا دورہ ہو گا۔